i پاکستان

کراچی ، حیدر آباد میں ٹریفک حادثات، دو بچیوں سمیت چار افراد جاں بحق، خاتون سمیت دو افراد زخمیتازترین

December 16, 2025

کراچی اور حیدر آباد میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں دو بچیوں سمیت چار افراد جاں بحق اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق کراچی میں ملیر کینٹ چیک پوسٹ نمبر 6 گلشن عمیر کے قریب مسافر کوچ اور ڈمپر کے درمیان ریس کے باعث خوفناک حاد ثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جبکہ تیز رفتار کار کی ٹکر سے راہگیرموقع پر ہی دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق شہری کی شناخت حیدر کے نام سے کی گئی، متوفی بلال مخدوم گوٹھ کا رہائشی اور سیکیورٹی گارڈ تھا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل پر 3 شہری سوار تھے، حادثے میں ایک جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا جبکہ تیسرا شہری معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لیکر اس کے کلینر کو گرفتار کرلیا، ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صفورا چورنگی سے ملیر کینٹ کی جانب جاتے ہوئے ریس کورس روڈ پر مسافر کوچ اور ڈمپر ریس لگا رہے تھے، مسافر کوج نے ایک گاڑی کو ٹکر ماری جبکہ ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماری۔ ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔ ادھر ناظم آباد نمبر تین میں نفسیاتی اسپتال کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

چھیپا حکام کے مطابق ایک تیز رفتار کار نے راہگیر کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی چھیپا کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی۔ حکام کے مطابق متوفی کی شناخت کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب حیدر آباد میں ٹنڈو محمد خان روڈ پر ایک دلخراش حادثے میں دو بچیاں موقع پر جاں بحق اور انکی ماں شدید زخمی ہو گئی۔پولیس کے مطابق واقعہ گاوں بچل شورو کے سامنے پیش آیا، جہاں ایک مسافر کوسٹر نے دو بچیوں اور ایک عورت کو ٹکر مار دی۔متوفی بچیوں کی شناخت 15 سالہ بھوری بنت ڈنو میر جت اور 5 سالہ صائمہ بنت بلاول میرجت کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی خاتون 30 سالہ گلناز زوجہ بلال میرجت ہیں۔پولیس کے مطابق جاں بحق بچی صائمہ زخمی خاتون گلناز کی بیٹی تھی۔حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا، تاہم کوسٹر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔جاں بحق بچیوں اور زخمی خاتون کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی