کابینہ ڈویژن کے کار پول سے غائب ہونے والی ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ہنڈا اکارڈ کی انکوائری میں جوائنٹ سیکرٹری اور انکی مبینہ گرل فرینڈ نے گاڑی سے متعلق مکمل لاعلمی کا اظہار کر دیا ، سیکشن افسر اور سپر وائزر کو ذمہ دار قرار دیکر انہیں قربانی کا بکرا بنایا جائے گا تاکہ پردہ نشینوں کو بچایا جا سکے،ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کے کار پول سے وی وی آئی پی وفود کے لئے استعما ل ہونے والی ہنڈا اکارڈ نمبر۔074 کے غائب ہونے کے معاملے پر جاری انکوائری میں جوائنٹ سیکرٹری رانا منظور احمد اور ان کی مبینہ گرل فرینڈ سے بھی پوچھا گیا ہے تاہم رانا منظور اور انکی مبینہ گرل فرینڈ نے انکوائری افسرکو بتایا کہ گاڑی سے متعلق انہیں کوئی علم نہیں،ذرائع نے بتایا کہ انکوائری رپورٹ میں ہنڈا اکارڈ کو غائب کئے جانے کی تمام تر ذمہ داری سیکشن افسر عامر قریشی اور سپروائزر شہزاد شاہ پر ڈالے جانے کا امکان ہے تاکہ کئی سینئر پردہ نشینوں کو اس معاملے میں بچایا جا سکے، واضح رہے کہ عامر قریشی اپنی ریٹائر منٹ کے قریب ہے اور اسے پنشن سمیت ریٹائر منٹ پر ملنے والی تمام فوائدضبط کرنے کی دھمکی لگائی گئی ہے جبکہ سپر وائزر کو نوکری سے بر طرف کئے جانے کی سفارش کی جائیگی ۔ذرائع کے مطابق محکمانہ انکوائری سے گاڑی کی برآمدگی ناممکن ہے تاہم اگر غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں تو قیمتی سرکاری گاڑی کو برآمدکرکے قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی