سٹیٹ کونسل نے اعظم سواتی کے خلاف درج 5مقدمات کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے،دوران سماعت سٹیٹ کونسل نے اعظم سواتی کے خلاف درج پانچ مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی،رپورٹ میں بتایا گیا کہ اعظم سواتی کے خلاف دو مقدمات وفاقی پولیس، تین مقدمات ایف آئی اے میں درج ہیں، ایف آئی اے کے تینوں مقدمات سائبر کرائم سے متعلق ہیں، ایف آئی اے کے دو مقدمات میں ضمانت منظور ہے جبکہ ایک مقدمہ میں ضمانت مسترد ہو چکی ہے،اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے نیب کے کیسز کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لیں،بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مزید سماعت 13مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی