i پاکستان

عراق کے اعلی سطح وفد کا ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، تعاون بڑھانے پر اتفاقتازترین

September 12, 2025

عراق کے اعلی سطح وفد نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جو سرحدی انتظامات کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔یہ دورہ انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (ICMPD) کے تعاون اور ڈنمارک کے مالی تعاون سے جاری رائٹس بیسڈ بارڈر مینجمنٹ منصوبے کے تحت کیا گیا۔ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹرز جان محمد نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد کو ایف آئی اے کے مینڈیٹ، دائرہ کار اور امیگریشن کنٹرول سے منظم جرائم کی روک تھام تک ایجنسی کی ذمہ داریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ایف آئی اے کے خصوصی یونٹس اور رسک انالیسز یونٹ کے کام پر بھی آگاہ کیا گیا۔عراقی وفد نے فارنزک لیبارٹری کا دورہ کیا جہاں انہیں سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال، جعل سازی کی نشاندہی اور مقدمات کی تفتیش میں فارنزک لیب کے کردار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وفد کو ایف آئی اے اکیڈمی کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔بعد ازاں وفد نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور ایف آئی اے کے جدید بارڈر کنٹرول سسٹمز، خصوصا سیکنڈ لائن بارڈر کنٹرول کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔عراقی وفد کے سربراہ نے پرتپاک استقبال اور جامع بریفنگ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عراق بارڈر مینجمنٹ ایجنسیز کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے علم اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے پر ICMPD کے کردار کو بھی سراہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی