i پاکستان

عظیم شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کا96واں یوم پیدائش (آج) منایا جائے گاتازترین

June 14, 2023

اردو ادب کے عظیم شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کا96واں یوم پیدائش 15جون جمعرات کو منایا جائے گا اس سلسلے میں فیصل آباد سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں ابن انشاء کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ابن انشاء جن کا اصل نام شیر محمد خان تھا 15جون 1927ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے وہ بیک وقت صحافی،شاعر،افسانہ نگار،کالم نگار اور سفر نامہ نگارتھے انہیں ان کی معروف غزل ''انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو'' نے شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ابن انشاء ملک کے معروف اخبارات و جرائد میںکالم لکھتے رہے ہیں بطور شاعر ان کے متعدد مجموعے ''دل وحشی'' ''چاند نگر'' اور ''اس بستی کے کوچے میں'' شائع ہو چکے ہیں ابن انشاء نے یونیسکو کے مشیر کی حیثیت سے مختلف یورپی و ایشیائی ممالک کے تفصیلی دورے کیے جن کے احوال انہوں نے اپنے سفرناموں ''ابن بطوطہ کے تعاقب میں''چلتے ہو تو چین کو چلیے'' ''دنیا گول ہے'' ''نگری نگری پھرا مسافر'' اور ''آوارہ گرد کی ڈائری'' میں اپنے مخصوص طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں تحریر کیا۔ابن انشاء کے کالموں اور خطوط کے مجموعوں پر مشتمل کتب ''خمار گندم'' ''اردو کی آخری کتاب'' اور ''خط انشاء جی کے'' قارئین میں بے پناہ پزیرائی حاصل کر چکی ہیں۔ابن انشاء 11 جنوری 1978ء کو لندن میں انتقال کر گئے انہیں کراچی میں دفن کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی