i پاکستان

افغانستان سے تاجکستان میں چینی شہریوں پر حملہ انتہائی تشویشناک ہے ، پاکستان کی مذمتتازترین

November 28, 2025

پاکستان نے تاجکستان میں افغان سرزمین سے ہونیوالے ڈرون حملے میں 3 چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ فعل قراردیا اور کہا ہے کہ اس واقعے میں مسلح ڈرون کے استعمال نے افغانستان سے درپیش خطرے کی سنگینی اور اس کے پس پردہ عناصر کی ڈھٹائی کو واضح کر دیا ہے ۔ دفترِ خارجہ سے جمعہ کو جاری بیان میں اس بزدلانہ دہشت گرد حملے میں چین اور تاجکستان کے شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا تاجکستان، چین اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے، چینی اور تاجک عوام کے دکھ کو پاکستان پوری طرح سمجھتا ہے، پاکستان بھی افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس بزدلانہ حملے کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اس واقعے میں مسلح ڈرون کے استعمال نے افغانستان سے درپیش خطرے اور اس کے پس پردہ عناصر کی ڈھٹائی کو نمایاں کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے ایک ایسے ہمسائے کے طور پر جو افغان سرزمین سے منظم دہشت گرد حملوں کا بارہا نشانہ بنا ہے، پاکستانی عوام اپنے چینی دوستوں اور تاجک شراکت داروں کے غم اور تکلیف کو پوری طرح محسوس کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مسلسل اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ افغان سرزمین کو اپنے ہمسایوں یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے

افغان سرزمین کا دہشت گرد عناصر کی جانب سے بار بار استعمال اور ان کی افغان طالبان حکومت کی سرپرستی میں موجودگی پورے خطے اور عالمی برادری کے لئے باعثِ تشویش ہے۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان سرزمین سے حملہ کرنے والے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائی ہی اس بڑھتے ہوئے خطرے کا واحد حل ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے چین، تاجکستان اور دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات حالیہ عرصے میں کشیدہ ہوئے ہیں کیونکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دونوں ملکوں کے درمیان اہم تنازع کا سبب بنی ہوئی ہے۔پاکستان کا مطالبہ ہے کہ کابل کی حکومت سرحد پار دہشت گردی کو روکنے کے لئے موثر کارروائی کرے، لیکن افغان طالبان اسلام آباد کے اس الزام کی تردید کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کو پاکستان پر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے دی جاتی ہے۔یاد رہے کہ تاجک وزارت خارجہ نے جمعرات کو بتایا ہے افغانستان سے تاجکستان کی سرحد پر ڈرون حملے میں 3 چینی شہری ہلاک ہوگئے ہیں، افغانستان سے تاجکستان کے جنوب میں چینی کمپنی پر ڈرون حملہ کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی