i پاکستان

ایف آئی اے کراچی کی کارروائی ،حوالہ ہنڈی گینگ کا کارندہ گرفتارتازترین

August 26, 2025

ایف آئی اے کراچی زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث منظم گینگ کے خلاف کامیاب کریک ڈائون کرتے ہوئے ایک کارندہ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے خفیہ اطلاع پر صدر اور گلشن اقبال کے علاقوں میں چھاپے مارے۔ صدر کے علاقے ریگل کمپیوٹر مارکیٹ میں کارروائی کے دوران گرفتار ملزم عمیر حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم ڈیلیور کرنے آیا تھا اور رقوم کی ترسیل کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتا تھا۔ ملزم سے موقع پر 15 لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گلشن اقبال کے ایک مکان پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے 15 لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد قبضے میں لیے گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار عمیر دراصل فیصل نامی مرکزی ملزم کا فرنٹ مین ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی