i پاکستان

اٹک اور بونیرمیں ٹریفک حادثات، خواتین و بچے سمیت7 افراد جاں بحق ،11 شدید زخمیتازترین

August 26, 2025

اٹک اور بونیر میں ٹریفک کے دو الگ الگ حادثات میں خواتین سمیت 7افراد جاں بحق اور 11زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق اٹک کے قریب کویاٹ روڈ پروین اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت2 افراد جاں بحق اور5 شدیدزخمی ہوگئے ۔افسوسناک حادثہ کھنڈہ چوک کے قریب پیش آیا جہاں راولپنڈی سے کوہاٹ جانیوالی مسافر وین تیز رفتاری کے باعث ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی ۔حادثے میں ایک شخص گل نواز موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوئے۔ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچیں زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہسپتال فتح جنگ منتقل کردیاگیا،جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون آئسیہ بی بی بھی دم توڑ گئی جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب بونیر میں گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ بونیر کے علاقے گوکند غور درہ میں پیش آیا جہاں گاڑی کھائی میں جاگری ۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے سمیت 5 افراد شامل ہیں جب کہ حادثے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی