ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے لائینز کلبز راولپنڈی–اسلام آباد اور برداشت پاکستان کے اشتراک سے اتوار کے روز سیدہ حفیظہ بیگم ویلفیئر کمپلیکس، ترنول اسلام آباد میں ایک میگا میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پسماندہ طبقات کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ میڈیکل کیمپ سے ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد نے استفادہ کیا، جن میں خواتین، بزرگ شہری اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ مستفید ہونے والے افراد نے ایک ہی مقام پر بروقت طبی معائنہ، تشخیصی سہولیات اور ادویات کی فراہمی پر اطمینان اور تشکر کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ان کے علاج معالجے کا بوجھ کم ہوا بلکہ صحت کے جاری مسائل کے لیے بروقت رجوع کرنے کا حوصلہ بھی ملا۔ کیمپ میں مختلف طبی شعبوں کے ماہر ڈاکٹرز نے خدمات انجام دیں جن میں اطفال، امراضِ نسواں، نفسیات، یورولوجی، امراضِ قلب، پھیپھڑوں کے امراض، معدہ و جگر، گردوں کے امراض، جلد، فزیوتھراپی، ڈینٹل اور آئی کیئر شامل تھے۔
اس کے علاوہ ای سی جی، بون ڈینسٹی ٹیسٹ، بی ایم آئی اسسمنٹ، بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر کی جانچ جیسی تشخیصی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور برداشت پاکستان کی جانب سے مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں تاکہ جامع اور مؤثر علاج ممکن بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر عارف مسعود، لائینز کلبز ڈسٹرکٹ گورنر، 35-ن2، پاکستان، نے بطور مہمانِ خصوصی کیمپ میں شرکت کی اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی سطح پر صحت کے ایسے پروگرامز نہایت اہم ہیں جو بیماریوں کی بروقت تشخیص اور احتیاطی نگہداشت کو فروغ دیتے ہیں، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں طبی سہولیات تک رسائی محدود ہے۔ اس موقع پر مس نیلوفر بختیار، سرپرستِ اعلیٰ برداشت پاکستان اور سابق سینیٹر و وفاقی وزیر، نے اکبر نیازی ہسپتال اور لائینز کلبز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اشتراکی اقدامات صحت کی سہولیات میں موجود خلا کو پُر کرنے اور عوام میں صحت و تندرستی سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
گروپ سی ای او، جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال، جناب یاسر خان نیازی نے کمیونٹی فلاح و بہبود کے لیے ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معیاری صحت کی سہولیات کو ہسپتالوں کی حدود سے باہر لے جانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے مسلسل آؤٹ ریچ اور احتیاطی صحت کے اقدامات ناگزیر ہیں۔مہمانانِ گرامی نے برداشت پاکستان کے صدر ڈاکٹر زبیر حسن کے ہمراہ میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، طبی عملے اور مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ منتظمین کے مطابق میگا میڈیکل کیمپ کا بنیادی مقصد نہ صرف طبی سہولیات کی فراہمی تھا بلکہ صحت مند طرزِ زندگی اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا بھی تھا۔ مقامی مکینوں نے اس اقدام کو بروقت، حوصلہ افزا اور نہایت مؤثر قرار دیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی