i پاکستان

ٹڈاپ کرپشن کیس، یوسف رضا گیلانی تمام مقدمات سے بری قرارتازترین

July 18, 2025

وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ میگا کرپشن کے تمام کیسز سے بری کر دیا۔وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ کیسز کی سماعت کراچی میں ہوئیں جس دوران چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کرپشن کو 14 مقدمات سے بری کر دیا جبکہ کیس کے دیگر تمام ملزمان کو بھی بری کر دیا گیا۔عدالت نے کہا کہ جو کیسز ہائیکورٹ کے تھے ہمارے پاس آئے اس میں بھی ہم فیصلہ کر رہے ہیں، ہم نے ہر ایک کو انفرادی طور پر سنا۔کیس کی سماعت کے بعد یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا 2013 اور 2014 میں 26 کیسز بنائے گئے، سب میں ایک ہی الزام تھا، ٹڈاپ میں سبسڈی کے لیے 50 لاکھ روپے لینے کا الزام تھا، ایف آئی اے نے ایک شخص کی ایما پرکیس بنایا، یوسف رضا گیلانی 10 کیسز میں ضمانت پر تھے اور ایف آئی اے نے انہیں مفرور قرار دیا۔فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو تمام کیسز میں بری کر دیا ہے

یوسف رضا گیلانی کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے تھے، عدالت نے انصاف کیا جس پر ہم جج صاحب کے شکر گزار ہیں۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا مجھ پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، فاروق ایچ نائیک نے بہترین انداز میں کیس لڑا، اللہ کا شکر ہے کہ آج عدالت نے تمام کیسز میں باعزت بری کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے کیسز بنائے میں ان کا اتحادی ہوں، ان کو چھوڑ بھی نہیں سکتا، قانون سازی ہونی چاہیے، فیصلہ نہ ہو تو کیس ختم ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ ایف آئی اے نے یوسف رضا گیلانی پر ٹڈاپ میگا کرپشن کے 26 مقدمات درج کیے تھے، یوسف رضا گیلانی 12 مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ آج عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو 14 مقدمات میں بری کیا۔ٹڈاپ کرپشن کیسز کی تحقیقات کا آغاز 2009 میں ہوا تھا، ایف آئی اے نے مقدمات کا اندراج 2013 میں شروع کیا تھا اور یوسف رضا گیلانی کو 2015 میں مقدمات کے حتمی چالان میں بطور ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی