اسلام آباد ہائیکورٹ نے دورانِ عدت نکاح کیس کے ٹرائل پر حکمِ امتناع میں توسیع کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان اوربشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس کی شکایات خارج کرنے کی درخواستوں پرسماعت کی جس سلسلے میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔سلمان اکرم راجہ کے معاون وکیل نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جب کہ خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے ٹرائل پرحکم امتناع ختم کرنے کی استدعا کی۔وکیل خاور مانیکا نے کہا کہ عدالت نے حکم امتناع جاری کر رکھا ہے وہ ختم کردیا جائے، ایسے ریلیف لینے کے بعد کوئی عدالت میں نہیں آتا لہذا عدالت کیس کو کل ہی دلائل کے لیے مقرر کردے۔اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ایسا نہ کہیں ان کی طرف سے تین تین وکلا موجود ہیں۔بعد ازاں عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس کے ٹرائل پرحکمِ امتناع میں 31جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔عدالت نے 31جنوری تک ٹرائل کورٹ کوگواہوں کے بیانات قلمبند نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل پر حکم امتناع 31جنوری تک برقرار رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی