i پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دارالحکومت میں کرکٹ اور فٹبال میدانوں کی نیلامی روک دیتازترین

July 16, 2025

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے کرکٹ اور فٹبال کے 10، 10 میدانوں کی نیلامی روک دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے کہا کہ کھیل کے میدان شہریوں کیلئے ہیں، سی ڈی اے بھاری رقم پرنیلام نہیں کرسکتا۔ جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے مختصر سماعت کے بعد سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن سردارمہتاب کی درخواست پرحکم امتناع جاری کیا۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت کے کھیل کے میدان 50، 50 لاکھ روپے کے عوض نیلام کرنے کا اشتہار جاری کیا تھا۔ عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کھیل کے میدان عام شہریوں کے لیے ہیں سی ڈی اے بھاری رقم کے عوض نیلام نہیں کرسکتا، قانون کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کھیل کے میدانوں کا انتظام سنبھال سکتی ہے سی ڈی اے نہیں۔عدالت نے سی ڈی اے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کھیل کے میدانوں کی نیلامی سے کرکٹ اور فٹ بال گرانڈز عام شہریوں کے لیے بند ہونے کا خدشہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی