i پاکستان

اسلام آباد، سید پور ماڈل ویلج میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، 200 غیر قانونی تعمیرات مسمار،نیشنل پارک کی 191 کنال اراضی قابضین سے واگزارتازترین

August 20, 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد کے سید پور ماڈل ویلج اور اس کے اطراف میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جا ی ہے ۔آپریشن کے دوران اب تک 200 غیر قانونی تعمیرات مسمار جبکہ نیشنل پارک کی 191 کنال اراضی قابضین سے واگزار کرا لی گئی ہے، کئی سال سے کرایہ ادا نہ کرنے والوں سے عمارتیں بھی خالی کرا لی گئی ہیں۔حکام کے مطابق 2005 کے بعد تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے جس میں سیٹلائٹ امیجری کی مدد سے نشاندہی کی جا رہی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سید پور ویلج کا دورہ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھی جائے اور خالی کرائی گئی عمارتوں کو شفاف طریقے سے نیلام کیا جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سید پور ویلج کی اپ گریڈیشن اور بیوٹیفیکیشن کا عمل اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اور شہریوں کو نیا تفریحی مقام فراہم کرے گا، سید پور کو عالمی معیار کا تفریحی اور کمرشل مرکز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ کراچی اور لاہور کے معروف ریسٹورنٹس کو بھی سید پور ویلج میں لایا جائے گا تاکہ سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں، سی ڈی اے اور ڈی ایم اے حکام علاقے میں صفائی یقینی بنائیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو منصوبے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبران، اے ڈی سی جی اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی