محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شمال مشرقی و مشرقی پنجاب،کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران شمال مشرقی پنجاب میں تیز اور موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، وزیر آباد، ساہیوال، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، قصور، اوکاڑہ، نارووال، جھنگ، فیصل آباد، چینوٹ، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں بارش کا امکان ہے۔سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بونیر، کوہاٹ، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقے بارکھان، ژوب، موسی خیل، لورالائی، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، قلات اور خضدارمیں بارش ہونے کی توقع ہے۔کراچی، حیدرآباد، دادو، تھرپارکر، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، مٹھی اور بدین میں بارش ہونے کی توقع ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں موسلا دھار بارش کی توقع ہے جبکہ سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں میں شام یا رات کے وقت بارش کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔لاڑکانہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ہونے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں موجود ہیں، بارش کے بعد بلدیاتی مشینری حرکت میں آگئی۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جمیل سومرو، میئر انور لہڑ اور ٹان چیئرمین فیلڈ میں متحرک ہیں، جمیل سومرو اور انور لہڑ نے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔رپورٹ کے مطابق بارش کے بعد شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں سے نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔بلدیاتی عملے کو پانی کی فوری نکاسی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، جمیل سومرو کا کہنا تھا کہ صبح تک بارش کے پانی کی نکاسی مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی