i پاکستان

بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کیلئے سیاست اور تحریک کی سربراہی آسان کام نہیں ،راناثنااللہتازترین

August 09, 2025

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کیلئے سیاست اور تحریک کی سربراہی آسان کام نہیں،میرے خیال میں عمران خان کے بیٹوں نے ویزہ نہیں مانگا، وہ مانگیں تو دے دینا چاہیے۔ ایک انٹرویو میں راناثنااللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے میں نے پہلے بھی کہا تھا بانی 4 سال وزیراعظم رہے تب بھی ان کے بیٹوں کو آنے نہیں دیا گیا اور بطور وزیراعظم حلف برداری تقریب پر بھی بیٹے نہیں آئے۔راناثنااللہ نے کہا کہ اب یہ بات بنتی نہیں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے ملاقات کیلئے آنا چاہتے ہیں اگر بیٹے ویزا مانگیں گے تو ان کو دے دیا جائے گا۔ عمران خان کے بیٹے سیاست اور ان حالات میں تحریک کی سربراہی کرنا چاہتے ہیں تو یہ آسان کام نہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہنا کہ اتحادی حکومت سیاسی شعوررکھتی ہے اورہم اپنے فیصلوں سے مطمئن ہیں اگلے دو سے تین سال میں عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کی 5 اگست کی کال پر لوگوں نے رسپانس نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی اور پی ٹی آئی نقصان پہچانے کی کوشش کرے گی، یوم آزادی کے سلسلے میں انتظامیہ سخت حفاظتی اقدامات کرے گی، پی ٹی آئی 14 اگست کو کوئی ایسی صورت نکالنے کی کوشش کرے گی کہ نقصان ہو کسی نے کوئی ایسا پروگرام بنا رکھا ہے تو حراست یا نظر بند کیا جا سکتا ہے تاہم پی ٹی آئی کے متعدد رہنمائوں نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم سے سیاسی ملاقات کے لیے نہیں آئے تھے وہ وزیراعظم کے کزن کے انتقال پر تعزیت کیلئے آئے تھے، بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا جب سیاستدان بیٹھیں تو دیگر معاملات پربھی ہلکی پھلکی بات چیت ہو جاتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی