بھارت کی جانب سے جدید اسرائیلی ڈرونز سے دراندازی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا ، پاک فوج نے مزید 6 ڈرون مار گرا دئیے ۔ تفصیل کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے 4 جدید اسرائیلی ہیروپ ڈرونز کو اوکاڑہ کینٹ کے علاقے میں آبادی سے کچھ فاصلے پر فصلوں میں گرایا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے ایک ڈرون کو وہاڑی، ایک کو پاکپتن اور 4 ڈرونز کو اوکاڑہ میں تباہ کیا گیا ہے، گزشتہ دوروز سے اب تک دشمن کے 35 ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے اپنے ٹوٹوئیٹ میں کہاہے کہ الحمدللہ پاکستانی ایئر ڈیفنس نے کامیابی سے بہاول نگر میں ایک اور ہیروپ ڈرون مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)) کے ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق مطابق تمام ڈرونز کو مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیا جارہا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جب بھی کوئی ڈرون آتا ہے تو وہ مسلسل ریڈار پر دیکھا جارہا ہوتا ہے، ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک کرلیتا ہے، شہری علاقوں اور کمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون مار گرانے کا ایک آپریشنل طریقہ کار ہوتا ہے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دفاعی نظام اور ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کے حملوں کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے، ہیروپ ڈرون کی ٹریکنگ سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاعی اور ایئرڈیفنس سسٹم انتہائی مضبوط ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے جمعرات کے روز بھی پاکستان میں اسرائیلی ڈرونز سے دراندازی کی کوشش کی تھی، تاہم پاک فوج نے سوئفٹ اور ہارڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 29 ہیروپ ڈرون مار گرائے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی