i پاکستان

چینی کمپنی کا پاکستان کے ہسپتال کیلئے عالمی معیار کا کنسیپٹ ڈیزائن بلامعاوضہ بنانا پاک چین دوستی اور عوامی روابط کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے،شہبازشریفتازترین

August 16, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ چینی کمپنی کا پاکستان کے ہسپتال کیلئے عالمی معیار کا کنسیپٹ ڈیزائن بغیر کسی معاوضے کے بنانا پاک چین دوستی اور عوامی روابط کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے، چینی کمپنی کی قیادت اور ڈیزائن کی تشکیل میں حصہ لینے والے ہر اہلکار کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی ڈیجیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے اطلاق کی ہدایت کی۔اجلاس میں چینی کمپنی ہانگ کانگ آوہوا کی جانب سے تیار کردہ کمپلیکس کا کنسیپٹ ڈیزائن پیش کیا گیا، 30 برس سے 1 ہزار سے زائد ہسپتالوں کے ڈیزائن تیار کرنے کا تجربہ رکھنے والی ہانگ کانگ آوہوا کمپنی نے ہسپتال کا کنسیپٹ ڈیزائن بغیر کسی معاوضے کے تیار کیا۔شہبازشریف نے کہا کہ چینی کمپنی کے اس تحفے کو حکومت، پاکستانی عوام اور اس ہسپتال سے شفایاب ہونے والے افراد ہمیشہ یاد رکھیں گے، جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق ہسپتال بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چینی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ ڈیزائن کا ٹیکنیکل جائزہ کرایا جائے، کمپلیکس کی ڈیجیٹائزیشن اور اس میں مصنوعی ذہانت کا اطلاق کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خوش آئند ہے کہ کنسیپٹ ڈیزائن میں مستقبل میں کسی بھی وبا کے حوالے سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل منصوبہ بندی بھی شامل ہے، منصوبے میں ماحول کے تحفظ، پانی کی بچت اور وسائل کے بہتر استعمال کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔اس موقع پر وزیرِاعظم نے ڈیزائن میں شمسی توانائی، قدرتی روشنی کے بہتر استعمال، پانی کی ری سائکلنگ اور ماحول کو سرسبز رکھنے کیلئے اقدامات پر بھی اظہار اطمینان کیا اور جناح میڈیکل کمپلیکس کے نظام کو اسلام آباد کے دیگر ہسپتالوں سے ڈیجیٹل طریقے سے منسلک کرنے کے حوالے سے بھی ہدایت دی۔وزیراعظم نے واضح احکامات جاری کیے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے تمام تر اقدمات کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی