i پاکستان

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات، اسٹریٹیجک شراکت داری مضبوط بنانے کا عزمتازترین

August 22, 2025

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے وفد کے ہمراہ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ عزم کا اظہار کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق اس اہم ملاقات میں علاقائی سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں جانب سے ہمہ موسمی سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ترقی اور خود مختاری کے لئے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی و عالمی فورمز پر رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک اپنا مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی