i پاکستان

فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی حالتِ زار انتہائی تشویشناک ، اقوام متحدہ فوری کارروائی کرے، عاصم افتخارتازترین

August 20, 2025

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ جنسی تشدد انسانی وقار کے خلاف بدترین جرائم میں سے ہے اور عالمی برادری کو اس کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخارنے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالتِ زار انتہائی تشویشناک ہے، بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں جنسی تشدد کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کر رہی ہیں تاکہ غیر قانونی قبضے کو مضبوط بنایا جا سکے۔عاصم افتخار نے انکشاف کیا کہ 2019 سے 2021 کے دوران مقبوضہ کشمیر میں 10 ہزار سے زائد خواتین اور بچیاں لاپتہ ہوئیں جو اس المیے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں جنسی تشدد کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرے تاکہ متاثرہ خواتین اور بچیوں کو انصاف دلایا جا سکے۔ عاصم افتخار احمد نے جنوبی سوڈان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے تجدید شدہ امن معاہدہ ہی امن کی بنیاد ہے

اور اس کی خلاف ورزی موجودہ بحران کو مزید گہرا کر سکتی ہے، انہوں نے فوری طور پر جنگ بندی، 2018 کے تجدید شدہ امن معاہدے کی پاسداری، اور تمام فریقین کے درمیان دوبارہ مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں سیاسی و سلامتی کا ماحول اس وقت پسپائی اختیار کر رہا ہے جب اسے آگے بڑھنا چاہئے، انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، کیونکہ اعتماد اور شمولیت ہی دیرپا امن کی کنجی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2026 کے آخر میں متوقع انتخابات امن کی ایک کرن ہیں، مگر شفاف اور قابلِ اعتبار انتخابات کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر اعتماد اور جامعیت کا ماحول بھی ضروری ہے۔ عاصم افتخار نے جنوبی سوڈان میں انسانی بحران کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلح تنازعات، موسمیاتی تبدیلیوں، ہیضے کی وبا اور ہمسایہ ملک سوڈان کی صورتحال کے اثرات نے لاکھوں افراد کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ کے امن مشن کو زندگی کی ڈور قرار دیتے ہوئے پاکستانی امن فوجیوں کی خدمات کو سراہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی