وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت غیرترقیاتی بجٹ کو کنٹرول کر رہی ہے اور نئے ٹیکس ریونیو کی شرحِ نمو بڑھانے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے، صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔وزیراعلی سندھ سے ورلڈ بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آنگابازار نے وفد کے ساتھ ملاقات کی ہے ۔ملاقاتم یں پبلک ریسورسز فار اِنکلیوسو ڈویلپمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے وفد کو بتایا کہ ان کی حکومت ریونیو میں اضافہ اور سروس ڈیلیوری کو م موثر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مڈل اور پرائمری اسکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں زرعی ٹیکس، سیلز ٹیکس آن سروسز اور پراپرٹی ٹیکس کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق ہوا جب کہ وزیراعلی نے بتایا کہ سندھ ریونیو بورڈ کو ایک بہترین ٹیکس کلیکشن ادارے کے طور پر مستحکم کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پنشن ریفارمز متعارف کرائی ہیں، اپنی ادائیگیوں کو ڈیجیٹائز کر رہی ہے اور غیرترقیاتی اخراجات میں کمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اور بر وقت فنڈز کے اجرا کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ آئندہ مزید فوکس صحت اور تعلیم کے شعبوں پر رکھا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا فضل، ناصر شاہ، سردار شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری فنانس فیاض جتوئی اور دیگر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے جب کہ ورلڈ بینک کے وفد میں آپریشن منیجر گائیلیس، آپریشن آفیسر حنا سلیم لوطیہ، سینئر اکنامسٹ عدنان اشرف اور بلال ملائب بھی شامل تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی