وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور بانی کو ناراض نہیں کررہے حکومت کو خوش رکھ رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں راننا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی کی ملاقاتیں بھی ہوتی ہیں، ملاقات نہ کروانے کا ڈرامہ بھی ہوتا ہے، اگر ملاقاتیں نہیں ہوتیں تو ایکس پر لمبے بیان کہاں سے آتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سرحد پار سے آنے والے پاکستان کے مخالف ہیں، ایسے خوارج کی حمایت کرنے والے کہتے ہیں آپریشن نہ کریں، پی ٹی آئی کے لوگ اپنے حلقے میں شہید ہونے والے جوانوں کے گھر تک نہیں جاتے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ہروقت دہشت گردوں کی حمایت کررہے ہوتے ہیں، پاکستان توڑنے والوں کی حمایت کرنے والوں کو پھر کس قسم کی اجازت دی جائے۔ایشیا کپ سے متعلق رانا ثنا نے کہا کہ پاکستان نے میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، بھارت کو ایسی گری ہوئی حرکت نہیں کرنی چاہیے تھی، کھیلوں کو سیاست کے میدان سے دور رکھنا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی