i پاکستان

گورنر خیبر پختونخوا کا کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کیلئے بڑے اقدامات کا اعلانتازترین

July 15, 2025

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے بھر میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے متعدد نئے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت گورنر کے پی اسپورٹس ایوارڈز سمیت اڈاپٹ اے پلیئر کے نام سے نئی موبائل ایپلی کیشن کا اجرا شامل ہے۔ گورنر ہائوس پشاور میں راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے صدر ابوبکر بن طلعت کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو اعزازات دینے اورانکی حوصلہ افزای کیلے پہلے گورنر کے پی اسپورٹس ایوارڈز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اڈاپٹ اے پلیئر موبائل ایپ بھی متعارف کروای جاے گی جس کا مقصد ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سپانسرز اور معاونین سے جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پروفیشنل کرکٹ اور فٹبال لیگ کے اجرا کی تیاریوں جاری ہیں تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھانے کا موقع مل سکے۔ملاقات کے دوران گورنرخیبر پختونخوا نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیرکی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ترقیاتی کام مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث صوبے کے کرکٹ شائقین جدید سہولیات سے محروم ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور کراچی اور راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیمز بہت کم وقت میں ڈیویلپ کیے ۔ صوبائی حکومت کو بھی کرکٹ بورڈسے سیکھنا ارباب اسٹیڈیم کی تکیمل کیلے کرکٹ بورڈ سے سیکھنا چاہیے۔ ملاقات میں رسجا وفد نے کھیلوں کے فروغ کیلئے گورنر کے اقدامات کو سراہا اور خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی کیلئے مشترکہ جدوجہد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی