حضرت امیر خسرو کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے 188 پاکستانی زائرین آج (ہفتہ کو) لاہور سے بھارت روانہ ہونگے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بھارت نے حضرت امیر خسرو کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے 188 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کئے ہیں ۔وزارت کے شعبہ زیارت کی جانب سے زائرین کو ضروری تربیت اور سفری دستاویزات کے حصول کے لیے لاہور پہنچنے کا کہا گیا تھا۔ پاکستانی زائرین نے ماضی کے برعکس ویزوں کے بروقت اجرا پر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ اردو کے اولین صوفی شاعر اور حضرت نظام الدین اولیا کے مرید خاص حضرت امیر خسرو کے عرس میں شرکت کے لیے پاکستانی زائرین 12 تا 18 اپریل دہلی میں قیام کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی