i پاکستان

حکومت عوامی مسائل سے غافل، اہم فیصلے طاقت کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں، اسد عمرتازترین

December 05, 2025

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ملکی معاشی صورتحال، سیاسی کشیدگی اور امن و امان کی بگڑتی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل سے غافل ہے جبکہ اہم فیصلے طاقت کے مراکز میں تقسیم کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں، تمام پارٹیاں مل کر بیٹھیں گی تو مسائل کا حل ہو سکتا ہے، غریب موٹر سائیکل والے پر چالان کیے جا رہے ہیں طاقتور کو آپ کچھ کہہ نہیں سکتے ہیں، تمام پارٹیاں مل کر بیٹھیں گی تو مسائل کا حل ہو سکتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اسد عمر نے کہا کہ صدرِ مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 243 اور آرمی ایکٹ کی شق 8 اے کے تحت جاری ترامیم کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، یہ تمام تبدیلیاں طاقت کے نظام میں بٹوارے سے متعلق ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی اندرونی حالات انتہائی خراب ہیں، معیشت بالکل بیٹھ چکی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے خود اپنی معاشی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساڑھے تین سال بعد نئی معاشی کمیٹیاں بنانے کا اعلان کیا ہے۔

جو معیشت کو بہتر کرنے کا طریقہ بتائیں گی، آپ نے ڈیڑھ سال سے کیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیرونی تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مئی میں بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی جبکہ امریکی کانگریس کی رپورٹ میں بھی پاکستان کے موقف کو درست قرار دیا گیا ہے تاہم اندرونی سطح پر حالات بگڑ رہے ہیں۔اسد عمر کا کہناتھا کہ 15 سال بعد دہشت گردی کے واقعات دوبارہ شدت سے شروع ہو گئے ہیں جبکہ سیاسی ماحول میں کشیدگی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ایک صوبے میں گورنر راج لگانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا ورنہ صورتحال میں بہتری کی کوئی امید نہیں، جس امیدوار نے زیادہ ووٹ لئے اسی کے جیتنے کے قانون پر عمل درآمد ہونا چاہیے تاکہ سیاسی استحکام آ سکے۔پیٹرول اور ڈیزل پر عائد بھاری ٹیکسوں پر بات کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پہلے نو ماہ میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس اکٹھا کیا ہے

موٹرسائیکل والوں پر ٹیکس ٹھوکا جا رہا ہے، باقی طبقوں پر قانون کون نافذ کرے گا؟۔قبل ازیں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جناح ہائو س حملہ، عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان نذر آتش اور دیگر کیسز میں نامزد پی ٹی آئی رہنمائوں اسد عمر اور اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے دونوں رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کر دی۔پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی۔عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے ۔اسد عمر نے جناح ہائو س حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے جبکہ اعظم خان سواتی نے جناح ہائوس اور عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں، پی ٹی آئی رہنمائوں پر بغاوت اور کارکنان کو جلا ئو گھیرائو پر اکسانے کے الزامات بھی عائد ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی