وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن فوری طور پر فعال کر دی۔ترجمان کے مطابق 911 سروس اس صورت میں بھی کام کرے گی جب کسی علاقے میں صارف کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہوں۔نظام کے تحت متاثرہ شہری 911 پر رابطہ کر کے ہنگامی مدد حاصل کر سکیں گے، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطے کیلئے 911 ڈائل کریں۔ترجمان کے مطابق غیر متاثرہ شہریوں سے التماس ہے کہ غیر ضروری کالز سے گریز کریں تا کہ جن کو مدد درکار ہے، یہ سہولت ان کے کام آ سکے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث خصوصی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ۔ محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق بارش اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ جنرل میں کنٹرول روم قائم کیا گیا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ کنٹرول روم میں عملے کی خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، بارش اور سیلاب پر کنٹرول روم سے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔مزید بتایا گیا کہ تمام فیلڈ دفاتر کو ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم سے رابطے کی ہدایت کر دی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی