i پاکستان

حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کو ایئرلفٹ کرنے والا ڈرون حاصل کرلیاتازترین

September 10, 2025

حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کے لیے ایئر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا، جدیدڈرون 200 کلو تک وزنی شخص کواٹھا کرمحفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری داخلہ پنجاب نے سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لیے جدید ائیر لفٹ ڈرون ملتان بھجوانے کی ہدایت کردی۔سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ سول ڈیفنس کے لیے مزید 10 ائیر لفٹ ڈرونز کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان میں یہ اپنی طرز کی پہلی ایمرجنسی ائیر لفٹ ڈرون سروس ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہاکہ محکمہ داخلہ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے، ڈرون سروس سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو محفوظ انداز میں ائیرلفٹ کیا جاسکتا ہے۔سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ سیلاب و ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس کے جوان فرنٹ لائن سولجرز ہیں، سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار و رضاکار قیمتی انسانی جانیں بچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور میں شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے رواں ہفتے 4 ہزار سے زائد رضاکار رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی