امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی خاتون کے ساتھ مبینہ مذہبی منافرت کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں خاتون کو بلا وجہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطاقب یہ واقعہ ہیوسٹن کے جنوب مغربی علاقے ساتھ ولکریسٹ ڈرائیو میں واقع شوگر پارک پلازہ کے سامنے پیش آیا۔ خاتون سامان لے کر جارہی تھیں کہ پیچھے سے آنے والے سنگدل شخص نے انہیں کنکریٹ پر دھکا دے دیا۔منہ کے بل گرنے سے خاتون کی ناک کی ہڈی فریکچر ہوگئی اور چہرے کے دیگر مقامات پر بھی شدید چوٹیں آئیں۔یہ سارا منظر سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کرلیا جس میں دیکھا گیاکہ خاتون کو دھکا دینے والا شخص کسی خوف کے بغیر سڑک کے دوسری جانب چلا گیا۔
تاحال نہ تو ملزم کی شناخت کی جاسکی ہے اور نہ ہی واقعہ کی وجہ پولیس جان سکی ہے۔خاتون کے بیٹے محمد ظہیر نے بتایا کہ اس کی والدہ نے زخمی حالت میں ویڈیو کال کرکے اسے واقعہ سے آگاہ کیا تو وہ دہشت زدہ رہ گیا تھا۔ ظہیر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص اپنی ماں کے ساتھ ایسے سلوک پر مشتعل ہوجائیگا۔ ملزم کو فوری گرفتار کرکے سزا دی جانی چاہیے۔ظہیر کا کہنا ہے کہ اس کی والدہ اس غیرانسانی سلوک کو کبھی بھلا نہیں سکیں گی اور اس کے خیال میں یہ واقعہ منافرت پرمبنی جرم ہے کیونکہ اس کی والدہ اسکارف پہنے ہوئے تھیں اور ممکنہ طور پر حملہ آور نے انہیں مسلمان خاتون سمجھ کر نشانہ بنایا۔متاثرہ امریکن پاکستانی خااندان نے پولیس رپورٹ درج کرادی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تو اسے سنگین جرم میں ملوث ہونے کے الزام کا سامنا ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی