i پاکستان

کابینہ ڈویژن کے اعلی افسر کی گرل فرینڈسرکاری گاڑی لے اڑیتازترین

July 23, 2025

کابینہ ڈویژن کے کار پول سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ہنڈا اکارڈ کار غائب کر دی گئی ، وی وی آئی پی وفود کے لئے استعما ل ہونے والی ہنڈا اکارڈ نمبر۔074 مبینہ طور پر ایک اعلیٰ افسر کی گرل فرینڈ لے اڑی ، کابینہ ڈویژن میں تعینات ہونے والے افسران نے مونٹائزیشن الاوئنس لینے کے باجود سرکاری گاڑیاں بھی اپنے قبضے میں لے رکھی ہیں، ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کے سیکشن افسر سینٹرل کار پول عامر قریشی اور جوائنٹ سیکرٹری رانا منظور کی ملی بھگت سے ہنڈا اکارڈ نمبر۔074 غائب کر دی گئی ہے ،اعلیٰ وفود کے پروٹوکول کے لئے استعمال ہونے والی اس گاڑی کو بر آمد کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو دو روز کا وقت دیا گیا ہے تاہم مذکورہ دونوں افسران نے اس گاڑی سے متعلق لاعلمی کا اظہار کر دیا۔

اگر دو روز میں گاڑی برآمد نہ ہوئی تو متعلقہ افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق یہ گاڑی مبینہ طور پر مذکورہ بالا جوائنٹ سیکرٹری نے اپنی گرل فرینڈ کو دی تھی جو اس گاڑی کو لے کر غائب ہو گئی ہیں تاہم ابتدائی طور پر جوائنٹ سیکرٹری رانا منظور نے گاڑی سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ ڈویژن کے اعلیٰ افسران ماہانہ لاکھوں روپے کار الاوئنس لینے کے باجود سرکاری گاڑیاں بھی استعمال کر کے نہ صرف حکومت کی مونٹائزیشن پالیسی کا مذاق اڑا رہے ہیں بلکہ قومی خزانے کو ماہانہ کروڑوں روپے کا چونا لگا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی