i پاکستان

خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایتتازترین

July 22, 2025

خیبر پختونخوا میں اگلے چند دنوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر وزیراعلی خیبر پختونخوا نے صوبے بھرخصوصا سیاحتی اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی نے انتظامیہ سے کہا کہ پولیس، بلدیات، آب پاشی، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کی صورت میں مالی و جانی نقصانات کو کم کرنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور ہنگو سمیت متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ روز سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، نوشہرہ اور کرم میں بارش ہوئی، جبکہ بالاکوٹ میں 54 ملی میٹر، پاراچنار میں 25 ملی میٹر اور مالم جبہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی اور ندی نالوں کے قریب سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی