i پاکستان

کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان سے متعلق قرارداد منظورتازترین

August 21, 2025

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سینیٹ نے پاک امریکا تعلقات اور ریاست کیلیفورنیا کی معیشت ، معاشرے اور ثقافت کی ترویج میں پاکستانی نژاد کمیونٹی کی خدمات کے اعتراف میں تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو کی جانب سے متعارف کرائی گئی۔ یہ قرارداد پیش کرتے وقت سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے پاکستانی لباس پہنا اور مہندی لگا کر کیلیفورنیا سینیٹ کے ایوان میں آئیں۔سینیٹر ہرٹادو کیلیفورنیا سینیٹ کی سب سے کم عمر خاتون منتخب رکن ہیں اور سینیٹ کمیٹی برائے زراعت کی چیئرمین ہیں۔ان کی جانب سے پیش قرارداد پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات کو اجاگر کرتی ہے اور دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے اہم کردار کا بھی اعتراف ہے۔ریاستی سینیٹ میں منظور شدہ قرارداد پاکستانی، امریکیوں، خاص طور پر نوجوان نسل کی اپنی ثقافت سے وابستگی کو بھی اجاگر کرتی ہے ۔قرارداد ان شخصیات اور تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہتی ہے جنہوں نے پاکستانی امریکی ثقافت، روایات اور کامیابیوں کو فروغ دیا ہے۔سینیٹر میلیسا ہرٹاڈو نے تاریخی قرارداد پیش کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں پاک امریکا تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی کہانی قربانی، وقار اور استقامت سے عبارت ہے۔سینیٹر ہرٹاڈو نے زور دیا کہ پاک امریکا پارٹنرشپ مشترکہ اقدار، جمہوریت، انسانی وقار پر استوار ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی