کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کو گھر کے باہر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کیا گیا۔تفصیل کے مطابق ملیر کینٹ کے علاقے مکان نمبر B/72 گلی نمبر 30 مبین بیکرز بلاک 9 بھٹائی آباد گلستان جوہر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ نعیم مسیح ولد نتھیال کے نام سے کی گئی، فائرنگ کا واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پیش آیا، جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ واقعے کے وقت مقتول اپنے گھر کے باہر موبائل فون استعمال کر رہا تھا، موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، مقتول غیر شادی شدہ تھا۔علاقہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی