کراچی میں ناظم آباد 4 نمبر میں گھر میں چوری کی ایک بڑی واردات میں تعمیراتی کام کرنے والے مزدور ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹ کرفرار ہوگئے ۔ پولیس نے چند گھنٹوں کی تحقیقات کے بعد چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور طلائی زیورات برآمد کر کے واردات میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 5 مزدوروں کو گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او ناظم آباد انسپکٹر امجد کیانی نے بتایا کہ ملزمان نے امداد اللہ نامی شخص کے مکان نمبر 4D/36 میں کام کے دوران مچان پر رکھے 45 تولہ کے طلائی زیورات چوری کیے اور شام 7 بجے اپنا کام مکمل کر کے فرار ہوگئے ۔گھر والوں نے صفائی کے دوران چیک کیا تو طلائی زیورات غائب تھے جس پر فوری طور پر مددگار 15 کو اطلاع دی ۔ناظم آباد تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور مکمل تحقیقات کے بعد ناظم آباد نمبر 4 میں ایک ڈیرے پر چھاپا مار کر 5 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک ملزم کے صندوق سے سے چوری کیے گئے طلائی زیورات برآمد کر لیے ۔
گرفتار ملزمان میں حماد ولد خائستہ خان ، ادریس ولد جان محمد ، وحید اللہ ولد حمید خان نعیم اللہ ولد فضل الرحمان اور اس کا بھائی یاسین شامل ہیں۔ 4 ملزمان کا کہنا تھا کہ وحید اللہ نے زیورات چوری کیے تھے، جس کے بارے میں دیگر کسی مزدور کو نہیں بتایا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں چوری کے بارے میں تھانے آکر پتا چلا۔گرفتار ملزم وحید اللہ کا کہنا تھا کہ اسے نہیں پتا تھا کہ یہ سونے کے زیورات ہیں، تاہم اس نے چوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ چوری اس نے نہیں کی کسی اور مزدور نے اس کے صندوق میں چوری کا سامان رکھا تھا ۔پولیس کے مطابق پانچوں مزدوروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ایک ہی علاقے سے ہے ۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور ان کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی