ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے راشد منہاس روڈ پر پیش آنے والے خونی حادثے کی تحقیقات کیلئے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق آتشزدگی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کی زیر نگرانی ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ٹیم کے اراکین میں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل ٹیم میں شامل ہوں گے۔تحقیقاتی ٹیم آتشزدگی کے ان واقعات میں ملوث تمام ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ٹھوس کوششیں کرے گی، ٹھوس شواہد کے ساتھ تمام پہلوں سے تفتیش مکمل کی جائے، تحقیقاتی ٹیم تفتیش میں مدد کے لئے کراچی رینج کے کسی بھی افسر کو شریک کر سکتی ہے، تحقیقات کے دوران ہونے والی پیش رفت کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو دی جائے۔واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تھانہ یوسف پلازہ اور ایف بی انڈسٹری ایریا کی حدود راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو روند ڈالا تھا جس میں بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہوئے تھے، خوفناک خونی حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی