کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ایک شخص نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگانے کا خواب دیکھ کر، حقیقت میں خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر خود سوزی کر لی۔تفصیل کے مطابق اورنگی تھانے کی حدود قصبہ موڑ شہزاد سنیما کے قریب گھر میں 60 سالہ اللہ رکھا آگ میں جھلس کر شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق شدید جھلس کر زخمی ہونے والا شخص سول اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔ ایس ایچ اواورنگی ٹائون یوسف مہر نے بتایا کہ متوفی کا آبائی تعلق راولپنڈی سے تھا اور وہ 10 روز قبل اپنی سالی کے گھر آیا تھا۔ متوفی کی سالی نے پولیس کو بتایا کہ اللہ رکھا نے اسے بتایا تھا کہ وہ 3 روز سے خواب میں دیکھ رہا تھا کہ اس نے خو د پر تیل چھڑ ک کر آگ لگا دی، جس کے سبب وہ انتہائی پریشان بھی تھا تاہم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس نے اپنے جسم پر مٹی کا تیل چھڑکا اور خود کو آگ لگا دی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی تاہم پولیس واقعے کی دیگر پہلوئوں سے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی