i پاکستان

کراچی ،مختلف حادثات میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحقتازترین

May 09, 2025

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے پیش آنے والے حادثات میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، جن میں ایک فائرنگ کا واقعہ اور دو مختلف حادثات شامل ہیں۔شیر شاہ کے علاقے اٹک پمپ والی گلی میں موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران ڈاکووں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق، مقتول کی شناخت 22 سالہ خیل نواز کے طور پر کی گئی، جبکہ شدید زخمی ہونے والے 20 سالہ گل زیب کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم کرائم سین یونٹ نے موقع سے شواہد جمع کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ ایس ایچ او شیر شاہ نند لعل نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں نوجوان لڈو کھیل رہے تھے اور دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو ان سے موبائل چھیننے آئے، مزاحمت پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک گولی خیل نواز کے سر میں لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

دوسرے واقعے میں رامسوامی کے علاقے بسم اللہ پان ہاس والی گلی میں ایک خاتون پراسرار طور پر عمارت کی ساتویں منزل سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو حکام نے متوفیہ کی شناخت 45 سالہ تسمینہ کے نام سے کی ہے۔ پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے اور متوفیہ کے اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ گرنے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔ کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب ایک ٹرک کی ٹکر سے 45 سالہ شازیہ جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق، متوفیہ سڑک عبور کرتے ہوئے ٹرک کی زد میں آگئی۔ ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ایدھی کے رضا کاروں نے متوفیہ کی لاش جناح اسپتال منتقل کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی