i پاکستان

کراچی، مشتعل وکلا سراپا احتجاج، کورنگی روڈ پر بدترین ٹریفک جام، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیںتازترین

May 03, 2025

کراچی میں ڈیفنس تھانے کے قریب وکلا کی جانب سے پولیس کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے نیتجے میں کورنگی روڈ پر ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ تفصیل کے مطابق شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اور وکلا کے درمیان تنازع کے بعد وکلا کی بڑی تعداد نے احتجاج کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی۔ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے وکلا کے زخمی ہونے کا واقعہ اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر وکلا نے کورنگی روڈ پر احتجاج کیا۔مظاہرین نے ڈیفنس موڑ کے قریب میں روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وکلا کے مطابق پولیس کی جانب سے چند روز قبل ڈیفنس تھانے کے اندر کئی لا کے اسٹوڈنٹس کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا

جس میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہے۔مظاہرین وکلا کے مطابق پولیس نے یکطرفہ طور پر واقعے کا مقدمہ وکلا کے خلاف درج کیا، آج وکلا کی بڑی تعداد عدالتی احکامات لے کر ڈیفنس تھانے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے پہنچی تھی ، تاہم پولیس نے ایف ائی ار درج کرنے سے انکار کر دیا۔جس کے بعد وکلا نے پہلے ڈیفنس تھانے پھر ڈیفنس موڑ کے قریب احتجاج کیا، جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں سے ٹریفک جام اور گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی۔وکلا برادری نے مطالبہ کیا کہ ان کے کیس کا فوری طور پر ایف آئی آر درج کیا جائے تاکہ معاملے کا جلد حل نکالا جا سکے۔بعد ازاں ڈیفنس موڑ کے قریب وکلا نے پولیس کے خلاف 3 گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا، وکلا پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور کورنگی روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی