i پاکستان

کراچی، وائٹ کرولا گینگ کے تین زخمیوں سمیت 5 ملزمان گرفتار، گاڑی، اسلحہ، موبائل، لیپ ٹاپ برآمد ، ڈاکو کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمیتازترین

December 04, 2025

کراچی میں ڈیفنس پولیس نے فیز 7 ایکسٹینشن کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد میں وائٹ کرولا گینگ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں سے 3 فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ سے 3 زخمی ملزمان علی اصغر، واجد اور محمد شبیرکو گرفتار کیا گیا جبکہ دو دیگر ساتھی ماجد سلطان اور ابراہیم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک سفید رنگ کی کرولا کار، چار موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، ایک نائن ایم ایم پستول اور دو تیس بور پستول برآمد ہوئے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور کئی مقدمات میں مفرور بھی تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی تفصیل کے ساتھ چیک کیا جا رہا ہے۔زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں غریب آباد گولڈن ٹی کے قریب ڈاکووں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق شریف آباد تھانے کی حدود میں پولیس اہلکار نے ڈاکووں پر فائرنگ کی تھی تاہم ڈاکووں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار 38 سالہ شاہ رخ ٹانگ پر گولی لگے سے زخمی ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی