کراچی میں راشد منہاس روڈ پر گزشتہ روز پیش آنے والے ڈمپر حادثہ کو غفلت قرار دیتے ہوئے 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دئیے گئے،ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ ڈمپرز کو جلانے کے واقعے میں 14 سے 15 افراد گرفتار ہیں۔تفصیل کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے غفلت اور لاپروائی پر 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا ہے۔ایس ایچ او یوسف پلازہ افتخار خانزادہ، اور ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا شاہد بلوچ معطل کیے گئے ہیں، ان ایس ایچ اوز کو بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا ہے، ایف بی ایریا تھانہ اور یوسف پلازہ تھانہ کے ایس ایچ اوز کو معطل کیا گیا ہے۔سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ڈمپر مالکان کو 3 ماہ کا وقت دیا گیا تھا کہ ڈمپرز میں ٹریکرز اور پہیوں کے گرد سیفٹی لگائیں۔واضح رہے کہ کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے میں بہن اور بھائی کے جاں بحق ہونے کے حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے تھے۔ شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل خطہ کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔مدعی مقدمہ کے مطابق حادثے میں بھتیجی اور بھتیجا جاں بحق جبکہ بھائی زخمی ہوا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی