کرا چی میں سہراب گوٹھ کے علاقے انڈس پلازہ گرانڈ کے قریب ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، جس کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کے دو ساتھی پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے ہلاک ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں اور ایک موبائل فون برآمد کر لیا ہے۔ مزید تفتیش کے لیے علاقہ پولیس ملزم کا کرائم ریکارڈ اکھٹا کر رہی ہے۔ دریں اثنا شہر قائد میں عزیزآباد کے علاقے محمدی گرانڈ بلاک 8 میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت محمد عمران کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ملزم کا ایک ساتھی زید فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزم سے اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، جسے مختلف وارداتوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کی ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی