جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھاری مالیت کے امریکی ڈالرز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈپارچر پر کامیاب کارروائی کی اور 72 ہزار 700امریکی ڈالر کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔اس حوالے سے کسٹمزحکام نے بتایا کہ ڈیپارچر ہال سے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،72ہزار700امریکی ڈالربرآمد کرلئے گئے۔کسٹمزحکام کے مطابق یہ کامیاب آپریشن اسسٹنٹ کلیکٹر شرجیل وسان کی نگرانی میں کیا گیا، مسافر ایتھوپین ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے کیمرون روانہ ہونے والا تھا۔تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے کرنسی کو اپنے جوتوں اور سامان میں چھپا کر رکھا ہوا تھا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔کسٹمزحکام کے مطابق پاکستان کسٹمز غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی