i پاکستان

لاہور، مارکیٹ کے تنازع پر 45 سالہ شخص قتل، اہلخانہ کا شدید احتجاج،قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہتازترین

September 12, 2025

لاہور کے مصروف علاقے جلو موڑ مین بازار باٹا پور میں زمین کے تنازع پر 45 سالہ تاجر محمد عمران کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عمران اور ملزمان کے درمیان زمین کا تنازع گزشتہ ایک سال سے چل رہا تھا، اور اس دوران فریقین کے درمیان متعدد بار جھگڑے بھی ہو چکے تھے۔مقتول عمران نے ملزمان کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج کروا رکھا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، ملزمان نے مقتول کی مارکیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔قتل کی خبر ملتے ہی محمد عمران کے اہلِ خانہ اور اہلِ علاقہ نے لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج شروع کر دیا۔ مظاہرین نے کینال روڈ جلو موڑ کو پانچ گھنٹے تک بلاک کیے رکھا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا عمران کی تدفین نہیں کی جائے گی۔مظاہرے کے دوران علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پولیس حکام کی جانب سے مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد پانچ گھنٹے بعد ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔واضح رہے کہ مقتول محمد عمران چار بچوں کا باپ تھا اور مین بازار میں اس کی کپڑے کی مارکیٹ تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی