لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں نجی اسکول ٹیچر نے چھٹی جماعت کے طالب علم کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بچہ بیمار پڑگیا۔پولیس کے مطابق بچے کے والد عبد الرزاق کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ اس کا بیٹا فہد رزاق نجی اسکول میں چھٹی جماعت کاطالب علم ہے جہاں ایک ٹیچر ثمر عباس نے اسے تھپڑوں اور ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ایف آئی آر کے مطابق تشدد سے بچے کے نازک حصوں پر نشانات پڑ گئے اور اسے بخار ہوگیا جب کہ پرنسپل سے شکایت کی تو انہوں نے ایک نہ سنی۔پولیس نے ملزم ثمر عباس کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا اور مزید تفتیش کیلئے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا۔ دریں اثناء لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک گھر سے 20 سالہ نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق مانسہرہ کا رہائشی 20سالہ ارشد وِنڈ سر پارک اچھرہ میں ایک گھر میں ملازم تھا ، گھر کی فیملی اسلام آباد گئی ہوئی تھی اور وہ گھر میں اکیلا تھا۔پولیس کا بتانا ہے کہ فیملی واپس آئی تو ائیرکنڈیشنر کے باکس سے اس کی پھندا لگی لاش ملی۔پولیس کا کہنا ہیکہ واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے تاہم لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر قتل سمیت دیگر پہلوں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی