لاہور میں محافظ ہی ڈکیت نکلے جہاں پولیس اہلکاروں نے سندھ کے تاجر کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور مقابلے میں مارنے کی دھمکی دے کر ایک لاکھ روپے بھتہ لے لیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق 29 اپریل کی رات ایبٹ روڈ پر ناکہ لگائے قلعہ گجر سنگھ پولیس کی محافظ فورس کے 5 باوردی اہلکاروں نے سکھر سے آئے تاجر مشتاق احمد کو گن پوائنٹ پر روکا اور اغوا کرکے ویرانے میں لے گئے۔پولیس کے مطابق تاجر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکیاں دیں۔سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا کہ 2 باوردی اہلکار تاجر مشتاق احمد کو اپنی موٹرسائیکل پر بٹھا کر لے جا رہے ہیں، نیلا گنبد انارکلی پہنچ کر اہلکار بینک کے باہر کھڑے ہوگئے اور تاجر نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوائی، رقم لینے کے بعد تاجر کو سڑک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔تاجر کی درخواست پر تھانہ پرانی انارکلی پولیس نے محافظ فورس کے 5 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔پولیس حکام کے مطابق پانچوں ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے اور گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی