لاہور پولیس نے ایک کارروائی میں سندھ پولیس کو مطلوب دہشتگردوں کے سہولت کار اور اشتہاری ملزمکو گرفتار کر لیا۔ ڈولفن اسکواڈ نے کارروائی کے دوران ملزم کو گلشن راوی کے علاقے سے حراست میں لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم صدیق کے خلاف چھ سال قبل دہشتگردوں کی مدد، سہولت کاری اور فنڈنگ میں معاونت کا مقدمہ تھانہ گلشن اقبال ایسٹ میں درج کیا گیا تھا۔ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے طویل عرصے سے لاہور میں روپوش تھا اور مختلف علاقوں میں رہائش بدل کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا تھا۔ تاہم لاہور پولیس کی انٹیلیجنس اور گشت پر مامور فورسز کی مستعدی نے ملزم کو دھر لیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد ابتدائی تفتیش کے لیے تھانہ گلشن راوی منتقل کر دیا ہے اور سندھ پولیس کو اس بارے میں باقاعدہ اطلاع دے دی گئی ہے۔مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے سندھ پولیس کی ٹیم لاہور پہنچنے کی متوقع ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردی میں معاونت کرنے والے افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی