i پاکستان

معروف ناول، افسانہ نگار شوکت صدیقی کا یوم پیدائش (آج) منایا جائے گاتازترین

March 19, 2024

اردو ادب کے معروف ناول نگار، افسانہ نگار شوکت صدیقی کا یوم پیدائش 20 مارچ کو منایا جائے گا۔ اردو کے شہرہ? آفاق ناول و افسانہ نگار شوکت صدیقی نے 20 مارچ 1923ء کو لکھنو میں آنکھ کھولی۔ ان کو ''خدا کی بستی'' ناول کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ شوکت صدیقی نے 1946 میں سیاسیات میں ایم اے کیا۔ناولوں اور متعدد کہانیوں کے مجموعوں کے خالق کے علاوہ ان کو اردو کا ایک ممتاز صحافی بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ وہ کئی ہفت روزوں اور روزناموں سے وابستہ رہے تاہم عملی زندگی کا آغاز1944میں ماہنامہ ''ترکش'' سے کیا۔ شوکت صدیقی روزنامہ ''مساوات'' کراچی کے بانی ایڈیٹر، روزنامہ ''مساوات'' لاہور،روزنامہ ''انجام'' کے چیف ایڈیٹر اور ہفت روزہ ''الفتح'' کراچی کے سربراہ بھی رہے جس میں کئی ادبی صحافیوں نے کام کیا جنہیں آج پاکستان کے بڑے صحافیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔شوکت صدیقی کو متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان کے افسانوی مجمو عات میں تیسرا آدمی، اندھیرا اور اندھیرا، راتوں کا شہر اور کیمیا گر شامل ہیں جبکہ ناولوں میں کمیں گاہ، خدا کی بستی، جانگلوس اور چار دیواری شامل ہیں۔جانگلوس ایک طویل ناول ہے جس کے اب تک کئی ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ اس ناول کو پنجاب کی الف لیلیٰ بھی کہا جاتا ہے۔ شوکت صدیقی کے ناول ''خدا کی بستی'' کے 46 ایڈیشن شائع ہوئے اور یہ اردو کا واحد ناول ہے جس کا 42 دیگر زبانوں میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔شوکت صدیقی 83 سال کی عمر میں کراچی میں 18 دسمبر 2006ء کو انتقال کر گئے اور ان کو کراچی میں دفن کیا گیا۔ شوکت صدیقی کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے مختلف تقریبات میں ان کی ادبی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی