i پاکستان

محسن نقوی سے کویتی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیالتازترین

February 21, 2024

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے کویت کے سفیرناصر عبدالرحمن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ کویت کے سفیر نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے اور پی ایس ایل 9 کے شاندار آغاز پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت میں کئی دہائیوں سے برادرانہ تعلقات موجود ہیں، پاکستان اور کویت کے تعلقات کو مفید معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا، کویت میں لائیوسٹاک کی بہت مانگ ہے، اس شعبے میں دوطرفہ تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب میں صرف 30 روز میں 6 بزنس فیسیلیٹشن سنٹرز بنائے ہیں، ان سنٹرز پر سرمایہ کاروں کو 15روز کے اندر مطلوبہ این او سیز جاری کیے جاتے ہیں، کویت کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں، ہر ممکن سہولت دیں گے، تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی تعلقات میں اضافہ ممکن ہے۔ کویتی سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب کے ساتھ لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، دو طرفہ تجارتی تعلقات میں اضافے کا بہت پوٹینشل موجود ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی