i پاکستان

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی میں اضافہ ، لہہ اور گوپس میں پارہ منفی 3 ڈگری تک گر گیاتازترین

December 19, 2025

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی بڑھ گئی، لہہ اور گوپس میں پارہ منفی 3 ڈگری تک گر گیا جبکہ مختلف شہروں میں دھند کے ڈیرے رہے، حدنگاہ متاثر ہونے سے موٹرویز متعدد مقامات سے بند کردی گئی۔ بگروٹ اور سکردو میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کر دی، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کو پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گیا۔ کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں سرد ہوائیں چلنے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری متوقع ہے، لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاائو لدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے، بارشوں کے باعث دھند اور سموگ میں کمی ہوگی۔دوسری جانب دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی اور صوابی سے برہان تک بند کر دی گئی، ایم 2 لاہورسے کوٹ مومن، ایم 3 فیض پورسے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی، موٹروے ایم 5 پرملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کا مکمل داخلہ بند کر دیا گیا۔

لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند کردی گئی، گوجرانوالہ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید دھند رہی، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہوگئی، ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔ملک کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی بھی برقرار رہی، ،لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، ایئر کوالٹی انڈیکس428 تک پہنچ گیا، رحیم یار خان میں اے کیو آئی459، گوجرانوالہ میں447 اور فیصل آباد میں434 ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں بونداباندی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات نے لاہور میں 21 اور 22 دسمبر کو ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی، جس سے شہر میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ ایک سے دو روز تک سردی کی شدت کم رہے گی، 2 روز کے دوران موسم جزوی سے مکمل ابرآلود رہنے کے ساتھ بونداباندی متوقع ہے۔ شہرمیں موسم اس وقت سرد اور خشک ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی