پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنر ل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز کی راہ ہموار ہو چکی ہے۔ صحافیو ں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل میں ایک نیا باب کھلے گا اور صارفین کو تیز رفتار اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ اتھارٹی حکومت سے درخواست کرے گی کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی رمضان المبارک سے قبل منعقد کی جائے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فائیو جی نیلامی سے متعلق انفارمیشن میمورنڈم آئندہ 10 سے 15 روز میں جاری کر دیا جائے گا، جس میں نیلامی کے قواعد و ضوابط، دستیاب اسپیکٹرم اور دیگر تکنیکی تفصیلات شامل ہوں گی۔میجر جنرل (ر ) حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے نے نیلامی کے عمل کو شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ان کے مطابق فائیو جی سروسز نہ صرف موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ کریں گی بلکہ آئی ٹی، فِن ٹیک، ای ہیلتھ، اسمارٹ سٹیز اور صنعتی شعبوں میں بھی انقلاب برپا کریں گی۔چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ حکومت کی ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے تحت فائیو جی ٹیکنالوجی ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے نہ صرف صارفین کو بہتر سروس ملے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نیلامی کے بعد آپریٹرز کو فائیو جی نیٹ ورک کے پھیلا ئو کیلئے مناسب وقت دیا جائے گا تاکہ سروسز کا آغاز مرحلہ وار اور موثر انداز میں کیا جا سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار بھرپور دلچسپی لیں گے، جس سے ٹیلی کام سیکٹر مزید مستحکم ہوگا اور پاکستان خطے میں ڈیجیٹل ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی