i پاکستان

ملتان ،ساس بہو کی لڑائی پر دادی اور چچا نے کمسن بچی کو بے دردی سے قتل کردیا ،ملزمان ماں بیٹا گرفتارتازترین

September 16, 2025

ملتان میںساس بہو کی لڑائی نے پورے گھر کو تباہ کر کے رکھ دیا، جائیداد کی لالچ اور انتقام کی آگ میں دادی اور چچا نے مل کر معصوم بچی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔تفصیل کے مطابق یہ دلخراش واقعہ ملتان کے ضلع سیتل ماڑی پور والا میں پیش آیا جہاں جو ساس بڑے ارمانوں سے بہو لے کر آئی اس نے اسی کی زندگی کو جہنم بنا دیا۔جائیداد کی لالچ اور بھابھی سے چپقلش میں بھائی بھائی کا دشمن بن گیا، رپورٹ کے مطابق عرفان سیال ولد قیصر سیال اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ رہائش پذیر تھا، اسی گھر میں اس کا چھوٹا بھائی فیصل سیال اور والدہ نسرین بھی رہتی تھی۔ساس بہو کے درمیان ہونے والی چپقلش اور آئے دن کے جھگڑوں سے دونوں بھائیوں کے درمیان بھی تلخ کلامی رہتی تھی جو بعد ازاں ایک بڑے سانحے کی وجہ بن گئی۔

عرفان کی والدہ اور اس کے بھائی فیصل نے مل کر بہو کو سبق سکھانے کا پروگرام بنایا جس کو عملی جامہ پہنانے کیلیے انہوں نے رات کے وقت اپنی سوئی ہوئی تقریبا 8 سالہ بھتیجی کو گلا گھونٹ مار ڈالا اور لاش ایک ویران پلاٹ میں پھینک دی۔صبح اٹھ کر بچی کی تلاش شروع کی گئی تو پتہ چلا کہ کمرے کا دروازہ تو کھلا ہوا تھا لیکن گھر کا مین گیٹ بند تھا لہذا بچی گھر سے باپر نہیں گئی۔ تلاش میں ناکامی پر بچی کے باپ نے علاقہ پولیس سے رابطہ کیا۔ابتدائی تحقیقات میں پولیس بھی چکرا کر رہ گئی تاہم اہل محلہ سے پوچھ گچھ اور ماں بیٹے کے بیانات سے اس بات کو تقویت ملی کہ قاتل گھر کے اندر ہی ہے۔تاہم پولیس نے اپنا روایتی انداز اپناتے ہوئے ملزم فیصل کو حراست میں لیا تو اس نے پورا سچ اگل دیا اور لاش بھی برآمد کروا دی۔ بعد ازاں پولیس نے بچی کے قتل کے الزام میں ملزمان ماں بیٹے کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی