i پاکستان

ممکن ہے وزیراعظم شہباز شریف امریکا کا دورہ کریں،یہ بھی ہوسکتا ہے ٹرمپ پاکستان آنے کا فیصلہ کریں، بلاول بھٹوتازترین

June 26, 2025

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ممکن ہے وزیراعظم شہباز شریف امریکا کا دورہ کریں اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ٹرمپ پاکستان کا دورہ کرنے کا فیصلہ کریں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر پاکستان کا دورہ کرتے ہیں تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے آرمی چیف امریکا کے دورے کرتے رہتے ہیں، فیلڈ مارشل کا حالیہ دورہ بھی پہلے سے طے تھا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد وزیراعظم نے وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا، وفد کی قیادت مجھے دی گئی، پاکستان میں حب الوطنی کی مثال قائم کی گئی، میڈیا نے دوران جنگ اہم کردار ادا کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان میں یکجہتی قائم ہوئی، جنگ میں ہمارے نوجوانوں نے ڈیجیٹل میدان سنبھالا، پاکستان کا کیس مضبوط تھا ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت جھوٹے بیانیے کے ساتھ کھڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے طیارے گرائے، بھارت نے چھپانے کی کوشش کی، جنگ کے دوران پاکستان کی کارکردگی بہترین رہی، جنگ کے دوران ہم اپنی قوم اور دنیا کو سچ بتا رہے تھے، پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں امن ہو، تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی